
جان ابراہم کو موٹر سائیکل چلانے کا بہت شوق ہے
بالی وڈ اداکار جان ابراہم کو تیز رفتار موٹر سائیکل چلانے کے جرم میں ممبئی کی ایک عدالت نے پندرہ دن قید اور ڈیڑھ ہزار روپیہ جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
یہ الگ بات ہے کہ جان کو فوری پرطور عدالت سے ضمانت بھی مل گئی۔
اداکار جان ابراہم ممبئی کے مضافاتی علاقے باندرہ کی عدالت میں آج حاضر ہوئےتھے۔ انہیں مجسٹریٹ نے تیز رفتار گاڑی چلانے کے الزام میں قصوروار قرار دیا اور یہ سزا سنائی۔
عدالت نے اس سزا کے خلاف اپیل کے لیے مہلت بھی دی ہے۔ جان ابراہم نےعدالت کے اس فیصلے کو اعلی عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سن دو ہزار چھ میں سینچر کی شب رات بارہ بجے کے بعد جان ایک شو سے واپس لوٹ رہے تھے۔ بائیک چلانے کے شوقین جان اس وقت یاماہا 1100 سی سی بائیک چلا رہے تھے۔ باندرہ کے کھار ڈانڈا علاقے میں اچانک ان کی ٹکر دو سائیکل سواروں سے ہوئی تھی۔
اس حادثہ میں دونوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں اور ساتھ ہی جان کے بھی پیر کے گھٹنے اور ٹخنے میں چوٹ لگی تھی۔ جان کی دوست بپاشا باسو یہ اطلاع ملتے ہی فورا جان سے ملنے پہنچ گئی تھیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا مقامی پولیس سٹیشن نے جان کے خلاف تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کا کیس درج کیا تھا۔
پولیس کے مطابق جان کے بائیک کی رفتار معمول سے تیز تھی۔ پولیس کے مطابق جان نے کسی طرح کا نشہ نہیں کیا تھا۔
جان سے پہلے اداکار سلمان خان پر بھی تیز رفتار گاڑی چلانے کا کیس درج ہے اور یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
جان بالی وڈ کے مشہور اداکار ہیں اور اس ہفتے پندرہ اکتوبر کو ان کی فلم ' جھوٹا ہی سہی ' نمائش کے لیے پیش ہونے والی ہے۔
No comments:
Post a Comment